ماحولیاتی تحفظ اور وطن عزیز کو سرسبز وشاداب بنانے کیلئے شجر کاری مہم انتہائی اہم انقلابی اقدام ہے، آئندہ نسل کے محفوظ مستقبل کیلئے شجرکاری بہت ضروری ہے۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوئے میاں فرخ حبیب

258

فیصل آباد 09 اگست (اے پی پی ) :ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی ٹائیگر فورس ڈے کے حوالہ سے ”ون ڈے پلانٹیشن ڈرائیو” مہم کی خصوصی تقریب کا انعقاد زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے پارس کیمپس جھنگ روڑ میںکیا گیا جس کے مہمان خصوصی وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوئے میاں فرخ حبیب تھے جبکہ مہمان اعزازمیں ایم این اے نصراللہ گھمن،ایم پی اے فردوس رائے دیگر مہانوں میں ڈویژنل کمشنر عشرت علی،ڈپٹی کمشنر محمد علی، آر پی او رفعت مختار راجہ ،وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز عفیفہ شاجیہ،مدثر نذیر،اسسٹنٹ کمشنرز سید ایوب بخاری،عمر مقبول،ڈویژنل فاریسٹ آفیسر انوار الحق،فاریسٹ آفیسر امجد سعید،،ڈسٹرکٹ سیکرٹری گڈ گورننس ٹائیگر فورس میجر عبدالرحمن رانا سمیت مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوئے میاں فرخ حبیب نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے لحاظ سے سب سے زیادہ متاثرہ ملکوں کی فہرست میں شامل ہے جس سے نمٹنے کیلئے شجرکاری انتہائی اہم اور ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ اور وطن عزیز کو سرسبز وشاداب بنانے کیلئے شجر کاری مہم انتہائی اہم انقلابی اقدام ہے جسے مربوط اندازمیں کامیاب بنایا جا ئے ۔انہوں نے شجرکاری مہم کو قومی فریضہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر شہری اپنے حصے کا پودا لگا کر اسکی نگہداشت کی ذمہ داری پوری کرے ۔ انہوں نے کہا کہ درخت لگا کر ہم کسی پر احسان نہیں کر رہے بلکہ یہ ہمارے لیے ، انسانیت اور آئندہ آنے والی نسل کے محفوظ مستقبل کیلئے بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر بڑھتی ہوئی ٹریفک اور دھواں چھوڑتی ہوئی گاڑیوں کے باعث ہوا میں کاربن مونو آکسائیڈ گیس کا اضافہ ہوتا جارہا ہے جو انسانی صحت پر برے اثرات مرتب ہونے کا سبب ہے اس لیے اس سے نپٹنے کیلئے شجرکاری اشد ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے پودے لگانے پر خصوصی توجہ دی جائے جو فضا میں زیادہ سے زیادہ آکسیجن چھوڑتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت تھی تو اس نے ایک منصوبہ بلین ٹری کا آغاز کیا جو اتنا کامیاب ہواجس کی پوری دنیا میں پذرائی ہوئی اور اس کی تعریف کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے اور نبی کریم ۖ کی سنت ہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں چا ہیے کہ اس سنت پر عمل کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں۔ سول سوسائٹی اور ہر شہری بڑھ چڑھ کر اس مہم کا حصہ بنے کیونکہ اس وقت ملک میں سب سے زیادہ درخت لگانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سر سبز و شاداب اور آلودگی سے پاک بنانے کے مشن کا آغاز ہو گیا ہے اس لیے ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اپنے حصے کے پودے لگا کر اس مہم کو کامیاب بنائیں۔ بعد ازاں میاں فرخ حبیب،ایم این اے نصراللہ گھمن،ایم پی اے فردوس رائے اور ڈویژنل کمشنر عشرت علی،ڈپٹی کمشنر محمد علی، آر پی او رفعت مختار راجہ ،وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف نے پودے لگا کر اس مہم کا افتتاح کیا۔اس موقع پر مذکورہ مہم کے دوران ٹائیگر فورس کے500رضا کاروں نے حصہ لیا اور مختلف اقسام کے 7ہزار پودے لگائے گئے ۔