قائمقام صدر آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تحفظ کسی ایک ادارے یا محکمہ کی ذمہ داری نہیں بلکہ حکومت، متعلقہ اداروں اور عوام کی مشترکہ ذمہ داری ہے،موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے، قدرتی وسائل کے تحفظ اور آئندہ نسلوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے شجرکاری، عوامی آگاہی اور کمیونٹی کی فعال شمولیت ناگزیر ہے۔
ماحولیاتی تحفظ حکومت، متعلقہ اداروں اور عوام کی مشترکہ ذمہ داری ہے، قائمقام صدر آزادکشمیر

مزید خبریں
مظفر آباد۔ 05 جون (اے پی پی):قائمقام صدر آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تحفظ کسی ایک ادارے یا محکمہ کی ذمہ داری نہیں بلکہ حکومت، متعلقہ اداروں اور عوام کی مشترکہ ذمہ داری ہے،موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے، قدرتی وسائل کے تحفظ اور آئندہ نسلوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے شجرکاری، عوامی آگاہی اور کمیونٹی کی فعال شمولیت ناگزیر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر محکمہ ماحولیات آزاد کشمیر کے زیر اہتمام ایوان صدر مظفرآباد میں منعقدہ عالمی یوم ماحولیات کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کی صدارت وزیر ماحولیات آزاد کشمیر نبیلہ ایوب نے کی جبکہ مختلف سرکاری محکموں کے سربراہان، ماہرین ماحولیات، یونیورسٹی طلبہ و طالبات اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔
قائمقام صدر چوہدری لطیف اکبر نے عالمی یوم ماحولیات کے حوالے سے منعقدہ کانفرنس کو بروقت اور اہم اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماحولیات کے تحفظ کی اہمیت کو کمیونٹی سطح تک اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے تمام سرکاری محکموں کے سربراہان پر زور دیا کہ ماحولیاتی تحفظ کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کرتے ہوئے اس حوالے سے مؤثر اور مربوط حکمت عملی اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مشترکہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا کیونکہ صحت مند ماحول پائیدار ترقی کی بنیاد ہے۔انہوں نے کہا کہ ماحول کی بہتری کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں جن میں ری فاریسٹیشن، کمیونٹی انگیجمنٹ اور عوامی شعور کی بیداری کو مرکزی حیثیت حاصل ہونی چاہیے۔ قائمقام صدر نے اس امر پر زور دیا کہ وسائل اور فنڈز پر مکمل انحصار کے بجائے عوامی شمولیت اور عملی اقدامات کے ذریعے زیادہ مؤثر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں اور یہی طرز عمل ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوگا۔
وزیر ماحولیات نبیلہ ایوب نے اپنے خطاب میں قائمقام صدر آزاد کشمیر کا کانفرنس میں شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مختلف محکموں کے سربراہان، ماہرین، اساتذہ اور طلبہ کی شرکت اس امر کا ثبوت ہے کہ ماحولیاتی تحفظ ایک مشترکہ قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر قدرتی حسن اور قدرتی وسائل سے مالا مال خطہ ہے لیکن موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث گلیشیئرز کے پگھلاؤ، غیر متوقع بارشوں، سیلاب، زمین کے کٹاؤ، پانی کے بے دریغ استعمال اور جنگلات کی کٹائی جیسے مسائل تشویشناک صورت اختیار کر رہے ہیں۔وزیر ماحولیات نے کہا کہ اس وقت دنیا کو درپیش سب سے بڑا چیلنج موسمیاتی تبدیلی ہے جبکہ مستقبل میں پانی کی قلت ایک سنگین بحران کی صورت اختیار کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں وسائل یا بجٹ کی کمی سے زیادہ ضرورت مؤثر منصوبہ بندی اور عملی اقدامات کی ہے،اگر تمام ادارے اپنی سطح پر چھوٹے مگر مستقل اقدامات کریں تو ماحول دوست معاشرے کے قیام میں نمایاں پیش رفت ممکن ہے۔وزیر ماحولیات نے تجویز دی کہ میرپور سمیت مختلف علاقوں میں ڈیموں کے اطراف اور کمزور و بنجر زمینوں پر مناسب اقسام کے درخت لگائے جائیں تاکہ زمین کے تحفظ، ماحولیاتی توازن اور سبزہ کے فروغ کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے مختلف محکموں پر زور دیا کہ وہ اپنی کارکردگی کے جائزے کے ساتھ مستقبل کے عملی اقدامات اور اہداف بھی پیش کریں تاکہ ماحولیاتی تحفظ کی کوششوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔کانفرنس سے مختلف محکموں کے سربراہان اور مقررین نے بھی خطاب کیا اور عالمی یوم ماحولیات کی اہمیت، موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے اثرات اور ماحول دوست طرز زندگی اپنانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔
مقررین نے کہا کہ 1972ء سے منائے جانے والے عالمی یوم ماحولیات کا مقصد ماحول کے تحفظ کے حوالے سے عالمی شعور اجاگر کرنا اور پائیدار ترقی کے اہداف کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کمیونٹی کی سطح پر آگاہی پیدا کرکے بالخصوص بچوں اور نوجوانوں کو ماحولیاتی چیمپئن بنایا جائے گا تاکہ ماحول کے تحفظ کا پیغام معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچ سکے۔کانفرنس میں محکمہ ماحولیات، محکمہ جنگلات، محکمہ زراعت و لائیو اسٹاک، محکمہ آبپاشی، محکمہ لوکل گورنمنٹ اور دیگر اداروں کی جانب سے ماحولیات کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے جاری اقدامات اور مستقبل کی حکمت عملی بھی پیش کی گئی۔
کانفرنس کے اختتام پر قائمقام صدر آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر، وزیر ماحولیات نبیلہ ایوب، مختلف محکموں کے سربراہان اور دیگر شرکاء میں یادگاری شیلڈز تقسیم کی گئیں۔کانفرنس میں ڈائریکٹر جنرل ماحولیات مہر بان حسین چوہدری، ڈائریکٹر ماحولیات شفیق عباسی، ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات علی سلیم، ڈائریکٹر جنرل زراعت و لائیو سٹاک ڈاکٹر اعجاز، چیف کنزرویٹر جنگلات ڈاکٹر افتخار، ڈائریکٹر جنرل آبپاشی خواجہ اعجاز، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بابر حسین، یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر نعیم سمیت مختلف محکموں کے افسران، طلبہ و طالبات، مرد و خواتین اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔








