ماحولیاتی تحفظ کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کر نا چاہئے، خاتون اول بیگم ثمینہ علوی کاپاکستان بلومز کی تقریب سے خطاب

96
،بیگم ثمینہ علوی

لاہور۔12دسمبر (اے پی پی):خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے زور دیا ہے کہ ماحولیاتی تحفظ کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کر نا چاہئے، وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے کہ ہر شہری درخت لگائے جس سے نہ صرف ماحول صاف ہوگا بلکہ خوبصورتی میں بھی ا ضافہ ہوگا ۔وہ اتوار کے روز بارود خانہ شاہی قلعہ میں پاکستان بلومز لاہور چیپٹر کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔

اس موقع پر ڈی جی والڈ سٹی اتھارٹی لاہورکامران لاشاری، فریدہ نشتر، نفیسہ ٹپال، نوشین سرفراز، غزالہ صباحت سمیت دیگر نے شرکت کی،بیگم ثمینہ علوی نے کہا کہ لاہور باغوں کا شہر کہلاتا ہے ۔یہاں آنا خوش قسمتی ہے اور اچھا محسوس کر رہی ہوں،انہوں نے کہا کہ پاکستان بلومز بہت اچھا کام کر رہا ہے جبکہ ہماری ثقافت اور ماحول کو بچانے کے لیے پاکستان بلومز کے تمام چیپٹر اچھا کام کر ہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کو اپنی ثقافت اور ورثے کی حفاظت کرنی ہے ،دیکھ کر خوش ہوں کہ بارود خانہ کیسے بحال ہوا ہے ،یہاں بارود خانہ میں پھول بہت خوبصورت لگ رہے ہیں ،انہوں نے کہاکہ ورثے کی حفاظت ہر ایک کی ذمہ داری ہے،پھولوں کے کلب کا حصہ ہوں اور ذاتی طور پر باغات کا دورہ کرنے اور پھول لگانے کا شوق ہے،یہ انفرادی کام نہیں ہے ہم سب کو اپنا کام کرنا ہوگا ۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیںپھولوں اور باغبانی کو فروغ دینا چاہیے،پاکستان کے ہر شہر میں پھول لگانے چاہیں اور ماحول صاف کرنا چا ہئیے جس سے تمام شہر مزید خوبصورت ہو ں گے ،بیگم ثمینہ علوی نے کہا کہ بد قسمتی سے ہم باہر کی گند گی صاف نہیں کرتے اپنا گھر صاف کر لیتے ہیں ،باہر بھی صفائی ضروری ہے ،انہوں نے کہا کہ پھولوں کی موجودگی انسان کو خوشگوار بناتی ہے اور آپ تروتازہ رہتے ہیں،انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی حسن سے مالا مال ہے۔

پاکستان کے وزیر اعظم کا وژن ہے کہ ہر شہری درخت لگائے اور ورثے کی حفاظت بھی کرے یہ ماحولیاتی تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے،اس نیک مقصد کیلئے سب کو آگے آنا چاہیے اور پاکستان کی مدد کرنی چاہیے۔ تقریب میں پاکستان بلومز کے شرکاء کا کہنا تھا کہ پاکستان بلومز ملک کے بڑے شہروں تک پھیل رہا ہے اور یہ لاہور کراچی پشاور ملتان اور دوسرے شہروں تک بھی پہنچے گا،شرکاء کا کہنا تھا کہ پڑھا لکھا پاکستان بہت ضروری ہے ،پڑھا لکھا پاکستان ہو گا تو شہر صاف ہو گے ماحول بھی صاف ہوگا ،سب مل کر اپنے ارد گرد ماحول کو خوبصورت اور صاف بنائیں گے۔