لاہور۔5جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شہریوں سے ماحولیات کے عالمی دن پرپلاسٹک اور آلودگی سے پاک پنجاب مہم کا آغاز پر بھرپور تعاون کی اپیل کی ہے۔ مریم نواز کی ہدایت پر صوبے بھر کے سرکاری و نجی سکولوں، دفاتر اور محکمہ ماحولیات (ای پی اے) کے زیر اہتمام زیرو پلاسٹک، زیرو آلودگی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ مہم کا مقصد عوام کو بتانا اور سمجھانا ہے کہ پلاسٹک ان کی زندگیوں کیلئے کتنا خطرناک اور جان لیوا ہے۔ مہم کے دوران خاص طور پر نوجوانوں اور بچوں کو سمجھانا ہے کہ پلاسٹک فضائی آلودگی کی علاوہ کینسر سمیت دیگر مہلک امراض پیدا کرتا ہے۔ طلبا کو پلاسٹک کے متبادل کپڑے کے تھیلے اور کاغذ کی اشیا استعمال کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔
انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کے افسران نے آگاہی دی کہ سرکاری و نجی دفاتر سمیت پلاسٹک کے تھیلوں کا عمومی استعمال نہ کیا جائے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ماحولیات کے عالمی دن کے دن پر شجرکاری کی سرگرمیاں بھی ترتیب دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ماحول دوست فورس بنیں۔ ماحولیات کا تحفظ زندگی کا تحفظ ہے، یہ ہم سب کا فرض ہے۔انہوں نے کہا کہ زیرو پلاسٹک مہم صرف ایک دن کی تقریب نہیں، بلکہ ہمیں اسے اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔