فیصل آباد۔ 21 فروری (اے پی پی):ڈویژنل کمشنرفیصل آباد سلوت سعید نے کہا کہ ماحول کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے درختوں کی تعداد میں اضافہ ناگزیر ہے جبکہ شجرکاری مہم میں حکومتی اقدامات کے ساتھ تمام طبقات کی معاونت قابل ستائش اور اس امر کا ثبوت ہے کہ وطن عزیز کو سرسبزوشاداب بنانے کیلئے تمام شعبے اور شہری حکومت کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ڈویژنل انتظامیہ کے زیر اہتمام موسم بہار کی وسیع شجرکاری مہم شروع کی جارہی ہے جس کے تحت دستیاب اراضی پرمختلف اقسام کے قد آورپودے لگاکر ان کی دیکھ بھال اورنشوونما کیلئے بھی مؤثر انتظامات کئے جائیں گے تاکہ یہ پروان چڑھیں اور ماحول کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ کلین اینڈ گرین پروگرام کے تحت سرکاری دفاتر، گھروں کے لانوں ویگر دستیاب اراضی پر شجرکاری کی جائے جبکہ شہری بھی پودے لگانے کی قومی مہم میں شریک ہوجائیں۔انہوں نے محکمہ جنگلات کے افسران سے کہا کہ وہ موسم بہار کی شجرکاری مہم کی کامیابی کیلئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائیں۔