پشاور۔ 19 اپریل (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے جنگلی حیات، جنگلات، ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی پیر مصور خان نے کہا ہے کہ مارخور کے تحفظ میں مقامی کمیونٹیز کا کردار انتہائی اہم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایت پر دورہ چترال کے موقع پر شکار کی مد میں حاصل کردہ آمدن کے چیکس کی تقسیم کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مقامی رکنِ صوبائی اسمبلی فاتح الملک علی ناصر،چیف کنزرویٹر ناردرن ریجن صفدر علی شاہ و دیگر اعلیٰ افسران سمیت مقامی لوگ بھی موجود تھے۔ معاونِ خصوصی پیر مصور خان نے تقریب کے دوران مارخور کے تحفظ کے لیے قائم ویلج کنزرویشن کمیٹیز میں تقریباً 24 کروڑ روپے کے چیکس تقسیم کیے۔
مارخور کے شکار سے حاصل شدہ آمدن کا 80 فیصد حصہ ویلج کنزرویشن کمیونٹیز کے ذریعے ان ہی علاقوں کی ترقی اور وہاں کے لوگوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جاتا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاونِ خصوصی پیر مصور خان نے کہا کہ صوبائی حکومت جنگلی حیات کے تحفظ کے ساتھ مقامی کمیونٹیز کو قدرتی وسائل کی حفاظت میں شریک کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مارخور کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے جس میں مقامی کمیونٹی کا کلیدی کردار ہے اور شکار پروگرام سے ان کی آبادی اور مقامی آبادی میں ماحول دوست توازن پیدا ہوتا ہے۔صوبائی حکومت کے اقدامات کی بدولت صوبے میں مارخور کی آبادی 6 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔
پیر مصور خان نے مقامی لوگوں سے اپیل کی کہ وہ جنگلی حیات کے تحفظ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں اور محکمہ کے ساتھ مل کر قیمتی جنگلی حیات کے تحفظ میں تعاون کریں۔ انہوں نے مقامی کمیونٹیز کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ واضح رہے کہ پہلی مرتبہ کمیونٹیز کے نمائندوں کو ان کے گھر کی دہلیز پر ہی ٹرافی ہنٹ کی مد میں چیکس دیے گئے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584511