ماروی میمن کا بڑے اجتماع سے خطاب

107

اسلام آباد ۔ 20 فروری (اے پی پی) وزیر مملکت و چیئرپرسن بی آئی ایس پی، ایم این اے ماروی میمن نے پیر کو کیچ میں ایک بڑے اجتماع کے دوران تمام سٹیک ہولڈرز کی موجودگی میں گھر گھر سروے کا افتتاح کیا۔ بی آئی ایس پی نے حال ہی میں بلوچستان کے اضلاع قلعہ سیف اللہ اور کیچ سمیت تمام صوبوں اور علاقوں سے 12 پائلٹ اضلاع میں گھر گھر سروے کا افتتاح کیا ہے۔ سروے کا ابتدائی مرحلہ مئی 2017ءمیں مکمل ہو گا جس کے بعد اگست 2017ءکے دوران ملک گیر سروے کا آغاز کیا جائے گا۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے خطاب کے دوران کہا کہ سروے ٹیمیں بلوچستان کے ہر گھر پہنچیں گی، سال 2010ءمیں سابقہ حکومت کی جانب سے کرائے گیا سروے بلوچستان کے عوام کی حقیقی تصویر کشی کرنے میں ناکام رہا تھا۔ گزشہ سروے کی خامیوں کو دور کیا جاچکا ہے اور وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ کوئی مستحق خاتون نئے سروے میں رہ نہ جائے۔