اسلام آباد ۔ 31 اکتوبر (اے پی پی) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے مارچ کے بعد سے اے ٹی ایمز اور آن لائن بینکنگ کے ذریعے 12.2 ارب روپے کے محصولات جمع کئے۔ ایف بی آر کے مطابق اس عرصہ میں 14904 ٹرانزیکشنز کے ذریعے ایف بی آر کو ٹیکس دہندگان سے 12240 ملین روپے وصول ہوئے۔ ٹیکس دہندگان نے متبادل ذرائع اے ٹی ایم، آن لائن بینکنگ، فون بینکنگ اور کانٹیکٹ سینٹرز کے متبادل ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے فیڈرل ٹیکس بشمول انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس، کسٹمز ڈیوٹی اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی ادائیگیاں کیں۔ ایف بی آر نے اس سہولت کا آغاز رواں سال مارچ میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور ون لنک کے اشتراک سے کیا جس سے ٹیکس دہندگان کو ادائیگیوں میں سہولت ہوئی۔ مارچ کے بعد سے وصولی کے متبادل ذرائع سے حاصل ہونے والے محصولات میں 8750 ملین روپے ان لینڈ ریونیو اور 3490 ملین روپے کسٹمز کی مد میں حاصل ہوئے جن کے لئے ہونے والی ٹرانزیکشنز کی تعداد بالترتیب 7304 اور 7600 رہی۔