اسلام آباد۔18مئی (اے پی پی):مارگلہ پولیس نے موٹر سائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث بدنام زمانہ موٹر سائیکل لفٹر گینگ کے دو مطلوب ارکان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 10 چوری شدہ موٹر سائیکلیں اور اسلحہ برآمد کرلیا۔ اسلام آباد پولیس کے افسر تعلقات عامہ نے اے پی پی کو بتایا کہ مارگلہ پولیس کی ٹیم نے تکنیکی اور انسانی وسائل بروئے کار لاتے ہوئے موٹر سائیکل لفٹر گینگ کے دو مطلوب ارکان کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے جن کی شناخت آصف اور نبیل کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس ٹیم نے ان کے قبضے سے 10 چوری شدہ موٹر سائیکلیں اور دو پستول بھی برآمد کیے ہیں۔ مزید برآں گرفتار ملزمان کے خلاف پہلے ہی مقدمات درج کیے جا چکے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔ ڈی آئی جی محمد جواد طارق نے افسران کو ہدایت کی کہ مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ملزمان کے خلاف موثر کریک ڈائون کیا جائے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598512