اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):سی ڈی اے پرانی سیوریج لائنز کوتبدیل کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے،مارگلہ ہلز میں گرائی گئی عمارتوں کے مالکان کومعاوضوں کی ادائیگی جلد شروع ہوگی۔بدھ کوقومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران آسیہ ناز تنولی کے سوال پر پارلیمانی سیکرٹری مختارعلی ملک نے ایوان کوبتایا کہ اسلام آباد میں سیوریج لائنز کی لائنوں کے حوالہ سے تفصیلی سروے ہورہاہے، سی ڈی اے کوشش کررہی ہے کہ پرانے سیوریج لائنز کو تبدیل کیا جائے اورجہاں خرابی ہے وہ دورکی جائے۔
ڈاکٹرشازیہ صوبیہ اسلم کے سوال پرانہوں نے کہاکہ مارگلہ ہلز میں گرائی جانے والی عمارتوں کے معاوضوں کے حوالہ سے متعددجعلی کلیم داخل کئے گئے۔اس حوالہ سے جامع تحقیقات ہورہی ہے اورچھ ڈائریکٹوریٹ کام کر رہے ہیں۔ آئندہ دوتین ماہ میں کلیمز کی تحقیقات کے حوالہ سے رپورٹ آجائیگی اوراس کی روشنی میں معاوضوں کی ادائیگی کاعمل شروع ہوجائے گا۔
شہلا رضا کے سوال پرانہوں نے کہاکہ جی سکس میں جس پلاٹ کی قیمت کاتعین کیا گیاتھا اس پرمتعلقہ وزیرکے تحفظات تھے جس پر معاملہ پرائس ویری فیکیشن کمیٹی کوارسال کیاگیا، باقی پلاٹوں کواگلی نیلامی میں فروخت کیا جائےگا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=596819