اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):مارگلہ ہلز نیشنل پارک کے علاقے لوہی دندی اور روملی میں اچانک لگنے والی جنگلی آگ کو سی ڈی اے، فائر فائٹرز، ضلعی انتظامیہ اور مقامی رضاکاروں کے باہمی تعاون سے کامیابی سے قابو میں لے لیا گیا۔
اتوار کو سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مشکل ترین جغرافیائی حالات اور پیدل چلنے والے راستوں کے باوجود 51 سے زائد فائر فائٹرز اور سی ڈی اے اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا۔ سی ڈی اے کے چیئرمین محمد علی رندھاوا نے بتایا کہ انوائرمنٹ ونگ کے افسران کی نگرانی اور فائر فائٹرز کی فوری کارروائیوں کے باعث آگ کو ایک محدود علاقے تک روک لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کا عملہ، فائر فائٹرز، ضلعی انتظامیہ اور رضاکاروں کی بے مثال ہم آہنگی نے اس بحران کو کنٹرول کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ آگ بجھانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی جیسے ڈرونز کا استعمال بھی کیا گیا، جبکہ آپریشن کی نگرانی کے لیے کنٹرول روم کو مکمل طور پر فعال رکھا گیا۔چیئرمین سی ڈی اے نے زور دیا کہ آگ سے متاثرہ جنگلی علاقوں کی بحالی اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے فوری ری ہیبلیٹیشن پلان تیار کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ مارگلہ ہلز کے قدرتی حسن اور ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔ مزید یہ کہ آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔ محمد علی رندھاوا نے عوام سے اپیل کی کہ غیر تصدیق شدہ اطلاعات سے گریز کریں اور ایمرجنسی صورت حال میں سی ڈی اے کے کنٹرول روم 1122 پر فوری رابطہ کریں۔
انہوں نے بتایا کہ موسم گرما کے پیش نظر مارگلہ ہلز کی نگرانی کے لیے جدید مشینری اور عملہ 24 گھنٹے تعینات ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے فائر فائٹرز، سی ڈی اے اہلکاروں، ضلعی انتظامیہ اور رضاکاروں کی بہادری اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم سب کا مشترکہ مقصد اسلام آباد کے ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ مارگلہ ہلز نیشنل پارک صرف ایک قدرتی خزانہ نہیں، بلکہ ہماری شناخت ہے۔ سی ڈی اے نے عوام سے درخواست کی ہے کہ جنگلات میں آگ لگانے یا کوڑا کرکٹ پھینکنے سے گریز کریں۔ مزید معلومات کے لیے ایمرجنسی ہیلپ لائن 1122 پر رابطہ کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=578912