ماریا شرا پووا، وینس ولیمز، مگوروزا، مکارووا اور گارسیا یو ایس اوپن ٹینس ویمنز سنگلز تیسرے راﺅنڈ میں پہنچ گئیں

132

نیویارک ۔ 31 اگست (اے پی پی) ماریا شرا پووا، وینس ولیمز، گربین مگوروزا، ایکا مکارووا اور کیرولین گارسیا پیش قدمی برقرار رکھتے ہوئے یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگلز تیسرے راﺅنڈ میں پہنچ گئیں، کیرولین وزنائیکی شکست کے بعد ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئیں۔ امریکہ میں جاری سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام ٹورنامنٹ کے سلسلے میں جمعرات کو کھیلے گئے ویمنز سنگلز ایونٹ کے دوسرے راﺅنڈ میچ میں روس کی گولڈن گرل ماریا شرا پووا نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف اٹالین کھلاڑی ٹیمیا ببوس کو 6-7، 6-4 اور 6-1 سے ہرا کر تیسرے راﺅنڈ میں جگہ بنا لی، امریکن سٹار وینس ولیمز نے ڈوڈن کو 7-5 اور 6-4 سے ہرا کر تیسرے راﺅنڈ کیلئے کوالیفائی کیا، سپینش کھلاڑی مگوروزا نے چین کی ین ڈان کو ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا، ایکا مکارووا بھی دوسری رکاوٹ عبور کرنے میں کامیاب رہیں، انہوں نے ڈنمارک کی کیرولین وزنائیکی کو شکست فاش سے دوچار کیا، فرانس کی کیرولین گارسیا نے الیگزینڈرووا کو ہرا کر تیسرے راﺅنڈ تک رسائی حاصل کی۔ دیگر کھیلے گئے میچز میں کارلا سوریز نوارو، رےبریکووا، جولیا جارجز، سیلونی سٹیفنز، بارٹی، کرونک اور پیٹرا کویٹووا فتح یاب رہیں۔