اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):ماریشس کے وفد نے سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ساتھ آن لائن ویبنار کے ذریعے ملاقات کی۔ماریشس وفد کی قیادت الیکٹورل کمشنر آف ماریشس محمد عرفان عبدل رحمان نے کی ۔الیکشن کمیشن کی طرف سے سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے قیادت کی۔آن لائن اجلاس میں پاکستان کے ماریشس میں ہائی کمشنرارشد جان پٹھان نے بھی شرکت کی۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے پاکستان میں انتخابات اور انتخابی عمل کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داریوں کے بارے میں بریفنگ دی۔
الیکشن کمیشن کے مختلف شعبہ جات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ماریشس کے الیکٹورل کمشنر نے الیکشن کمیشن کے فعال کردار کو سراہا اور بتایا کہ وہ 2013 کے عام انتخابات میں انتخابی مبصرین کے لئے پاکستان کا سرکاری دورہ کر چکے ہیں۔وہ پاکستان کا مستقبل میں بھی دورہ کریں گے۔دونوں ممالک نے انتخابی عمل میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کے لئے مستقبل میں ھر ممکن تعاون کا عزم کیا اور مسقبل میں وفود کے تبادلوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔کینیڈا پارلیمنٹیرینز کے ایک وفد نے الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ اسلام آباد کا دورہ کیا۔
کینیڈا کے وفد میں ممبر آف پارلیمنٹ جناب شفقت علی اور ممبر آف پارلیمنٹ محترمہ سلمہ زاہد اور دیگر شامل تھے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے کینیڈا پارلیمنٹیرینز کے وفد کو خوش آمدید کہا اور وفد کو الیکشن کمیشن کی انتخابی عمل میں خواتین کے فعال کردار کے حوالے سے بریفنگ دی۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن نے وفد کو بتایا کہ الیکشن کمیشن انتخابی عمل میں بشمول خواتین تمام محروم طبقات کو شامل کرنے کے لئے سرگرم عمل ہے ۔خواتین کا بطور ووٹرز انتخابی فہرستوں میں اندراج کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ آنے والے عام انتخابات میں خواتین بطور ووٹرز اور بطور انتخابی امیدوار بھرپور شرکت کریں ۔
اس کے لئے الیکشن کمیشن نے نادرا اور سول سوسائٹی کے تعاون سے خصوصی مہم شروع کر رکھی ہے تاکہ خواتین کو انتخابی فہرستوں میں اندراج کو آسان اور یقینی بنایا جا سکے۔ کینیڈا کے وفد نے الیکشن کمیشن کی خواتین کے لئے شناختی کارڈز کے حصول اور ووٹرز لسٹوں میں اندراج کے لئے کی جانے والی تمام خصوصی اقدامات کو سراہا اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کو اس سلسلے میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔