ماسکو ٹرین سروس تاریخی اقدام ہے، روس، وسطی ایشیا، یورپ اور افریقی ممالک کے ساتھ تجارت کی نئی راہیں کھلیں گی، شاہد عمران

10

اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی علاقائی کمیٹی برائے خوراک کے کنوینر شاہد عمران نے پاکستان سے ماسکو تک ٹرین سروس شروع کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک تاریخی اقدام قرار دیا ہے جس سے نہ صرف روس بلکہ وسطی ایشیائی ریاستوں ، یورپی اور افریقی ممالک کے ساتھ بھی تجارت کے فروغ کے لیے نئی راہیں کھلیں گی۔

اتوار کو یہاں سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی میاں زاہد اقبال کی قیادت میں صنعتکاروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ریل لنک سے نقل و حمل کے اخراجات اور ترسیل کے اوقات میں نمایاں کمی آئے گی اور پاکستانی اشیاء کو بین الاقوامی منڈیوں میں مزید مسابقتی بنانے میں مدد ملے گی۔ اقتصادی تنوع اور علاقائی انضمام کے ساتھ ساتھ غذائی اشیاءخاص طور پر اسنیکس اور دیگر صنعتی مال کی برآمدات کو فروغ حاصل ہو گا۔

شاہد عمران نے کہا کہ یہ ٹرین سروس لاجسٹک کامیابی سے بڑھ کر تجارتی سفارت کاری میں ایک اسٹریٹجک پیشرفت ہے۔ انہوں نے بہتر رابطوں کے ذریعے اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے حکومتی وژن کی تعریف کی اور تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ اس ٹرین سروس کے ذریعے نئی مارکیٹیں اور برآمدات کے نئے مواقع تلاش کریں۔