ماضی قریب میں مقامی طور پر زراعت کی ترقی میں زرعی ریسرچ فارم باغبانہ کا ایک اہم مقام رہا ہے،ڈائریکٹر جنرل ریسرچ زراعت بلوچستان عبدالروف خان

121

کوئٹہ۔ 30 اکتوبر (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل ریسرچ زراعت بلوچستان عبدالروف خان کاکڑ نے کہا ہے کہ ماضی قریب میں مقامی طور پر زراعت کی ترقی میں زرعی ریسرچ فارم باغبانہ کا ایک اہم مقام رہا ہے ہماری خواہش ہے کہ باغبابنہ کے تاریخی باغ اور ریسرچ فارم کو اس کی اصل حالت میں بحال کریں۔انہوں نے کہا کہ خضدار کا علاقہ زیتون کے باغ اور کپاس کی کاشت کے لیئے نمایاں مقام رکھتا ہے۔ جو زمیندار زیتون کے باغ لگانے کی خواہش رکھتے ہیں ان کی نہ صرف حوصلہ افزائی اور رہنمائی کی جارہی ہے بلکہ اٹلی و دیگر ممالک کی تعاون سے انہیں زیتون کے درخت مفت فراہم کیئے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈائریکٹوریٹ ریسرچ باغبانہ کے دورے کے موقع پر منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران کیا۔

قبل ازیں ڈائریکٹر ریسرچ باغبانہ مقبول احمد شاہوانی نے انہیں بریفنگ دی۔ ڈی جی ریسرچ زراعت نے کہا کہ خضدار میں پیدا ہونے والا کپاس معیار کے لحاظ سے ملک بھر میں پہلے نمبر پر ہے۔ ملکی ٹیکسٹائل انڈسٹری کی خواہش ہے کہ وہ نہ صرف خضدار میں ٹیکسٹائل فیکٹریاں قائم کریں بلکہ وہ پبلک پارٹنر شپ کے تحت کپاس کی سالانہ پیداوار بڑھانے اور کپاس کی کاشت کو فروغ دینے کے لیئے وسیع پیمانے پر سرمایہ کاری کی بھی خواہش رکھتے ہیں لیکن امن و امان کے حوالے سے درپیش صورتحال کے باعث سرمایہ کار یہاں کا رخ کرنے سے کتراتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ باغبانہ زرعی ریسرچ فارم کی بحالی کے بعد ہماری کوشش ہوگی کہ ایک باقائدہ سیمینار کا انعقاد کرکے کاٹن انڈسٹری اور ورلڈ بینک سمیت دیگر بین الاقوامی ڈونرز کو یہاں لاکر مقامی زمینداروں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ خضدار میں معتدل موسم، زرخیز زمین اور بہترین آب و ہوا کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لاکھوں افراد کو نہ صرف روزگار دیا جاسکتا ہے بلکہ یہاں کے زمیندار سالانہ بنیاد پر کروڑوں روپے کا منافع کماسکتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ زمیندار روایتی فصلوں اور روایتی کاشتکاری کے طریقوں کے بجائے زراعت کے ریسرچ سینٹرز اور تجربہ کار عملہ کی مہارتوں اور صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کریں۔

ڈائریکٹر جنرل ایگریکلچر ریسرچ بلوچستان عبد الروف خان کاکڑ نے گزشتہ روز ڈائریکٹوریٹ ایگریکلچر ریسرچ باغبانہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایچ آر آئی محمد یعقوب زہری، ڈائریکٹر ایکسٹینشن زراعت خضدار نادر مسیح، ایگریکلچر آفیسر منظور احمد نتھوانی، ڈپٹی ڈائریکٹر ریسرچ عبدالروف موسیانی، جھالاوان زمیندار ایکشن کمیٹی کے رہنمائ عید محمد ایڈوکیٹ، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماءیونس گنگو، عبد الباسط سمیت دیگر علاقائی معتبرین اور مقامی زمیندار بھی موجود تھے۔