اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ ماضی قریب میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی تسلی بخش نہ ہونے پر قوم کو شدید تحفظات ہیں، 18 ویں ترمیم کے بعد کھیلوں کے فروغ کے لئے مرکز کی سطح پر ایپکس کمیٹی کے قیام کا خیر مقدم کرتے ہیں ، اس پر غور کیا جائے گا ۔ وہ پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران اظہار خیال کر رہے تھے ۔
شازیہ مری کے سوال پر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ سپورٹس کی دنیا میں پاکستان کا ماضی میں نام ہوتا تھا، اس میں سکوائش ،کرکٹ ، ہاکی اور اولمپیکس میں میچز پاکستان نے جیتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ماضی قریب میں کرکٹ میچ نہ جیتنے پر قوم کے شدید ترین تحفظات ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پچھلے دو دسال میں پانچ دفعہ کرکٹ کوچ ، سلیکشن کمیٹیاں تبدیل کی گئیں ، ہم نے یقینی بنایا کہ فل ٹائم کوچ کرکٹ کے لئے ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام ملک بھر کے تمام صوبوں ، ضلعوں کی سطح پر جاری ہے، اس کا مقصد باصلاحیت کھلاڑیوں کو کرکٹ میں واپس لانا ہے ۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ قومی کھیلوں کو صوبائی معاملے میں آچکے ہیں، آج یہاں تجویز آئی کہ سپورٹس کے لئے ایپکس کمیٹی قائم کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں فٹ بال فیڈریشن کے انتخابات ہوئے ، ہمارے ہاں الیکشن میں ایسےلوگ فٹ بال فیڈریشن کے الیکشن میں حصہ لیتے ہیں جنہوں نے کبھی زندگی میں فٹ بال کو کبھی کک بھی نہیں ماری ہوگی ۔نبیل گبول نے کہا کہ ایم ڈی سوئی گیس نے فٹ بال ٹیم کو برطرف کر دیا ہے اور فٹ بال گرائونڈ کو تالے لگا دیئے گئے ہیں ۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ متعلقہ وزارت کی جانب سے اس معاملے کو دیکھیں گے ۔نور عالم نے ضمنی سوال پر طارق طارق فضل چوہدری نے کہا کہ لمبے عرصے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ پاکستان میں واپس آئی ہے، انٹرنیشنل میچز کا فیصلہ پی سی بی نے کرنا ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آنے والی تمام انٹرنیشنل ٹیموں کو ریاست کا مہمان تصور کیا جاتا ہے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598888