ماضی میں ریلوے کے محکمے کو ٹیکنالوجی سے دور رکھا گیا،کرپشن کا خاتمہ کرکے اسے منافع بخش ادارہ بنائیں گے ، اپوزیشن اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہیں دینا چاہتی ،وزیرریلوے اعظم خان سواتی کا پریس کانفرنس سے خطاب

40

اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):وزیرریلوے اعظم خان سواتی نے کہا کہ ریلوے کے تباہ ہونے کی وجہ ٹیکنالوجی کا استعمال نہ ہونا ہے،ماضی میں ریلوے کے محکمے کو ٹیکنالوجی سے دور رکھا گیا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے کہا کہ حکومت ریلوے کو منافع بخش ادارہ بنانے کے لیے ترجیح بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے، ریلوے کے نظام کو بہتر بنایا جا رہا ہے،مسافر ٹرینوں کے ساتھ فریٹ ٹرینوں کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے،کرپشن کا خاتمہ کرکے ریلوے کو ایک منافع بخش ادارہ بنائیں گے۔

اعظم سواتی نے کہا کہ حالیہ قانون سازی سے پی ڈی ایم والے اپنے بلوں میں چھپ گئے ہیں،حکومت نے سیاست کا ورلڈ کپ جیت لیا ہے،اووسیز کو ووٹ کا حق دینے پر عمران خان اور ان کی ٹیم کو سلام پیش کرتا ہوں،پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اپوزیشن کےغلط روئیے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں،

اپوزیشن والے چاہتے ہیں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ ملے۔انہوں نے کہا کہ سیاست کا سیاہ باب بند ہونے جا رہا ہے،ای وی ایم ترقی اور جمہوریت کی مضبوطی کی طرف پہلا قدم ثابت ہوگا،ملک کی حفاظت وترقی کے لیے تمام ادارے ایک صفحے پر ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حالیہ قانون سازی سے پارلیمنٹ میں ہمارے سر فخر سے بلند ہوگئے ہیں،اللہ تعالیٰ نے ہمیں پارلیمنٹ میں کامیاب کیا

،وزیراعظم عمران خان اور ان کی ٹیم جیتی ہے اور پاکستانی عوام جیتی ہے،اپوزیشن کے بلند وبانگ دعوے خاک میں مل گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپوزیشن کے رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں،ماضی میں کسی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہیں دیا،یہ تاریخی کام بھی عمران خان کی حکومت نے کیا ہے،اس فیصلے سے90لاکھ پاکستانی مستفید ہوں گے،ای وی ایم کے استعمال سے جعلی ووٹ پول نہیں ہوسکیں گے اور اسی بات کی اپوزیشن کو تکلیف ہے۔

انہوں نے کہا کہ اتحادی جماعتوں کا کردار قابل تعریف ہے جنہوں نے قانون سازی میں حکومت کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا،اس ضمن میں میڈیا کا کردار بھی قابل تعریف ہے،عمران خان نے کرکٹ ورلڈ کپ کے بعد سیاست کا ورلڈ کپ بھی جیتا ہے۔