مالی سال 2018-19ءمیں امریکا پاکستانی برآمدات کے حوالہ سے بدستور سرفہرست رہا

83

اسلام آباد ۔ 23 جولائی (اے پی پی) گزشتہ مالی سال کے دوران امریکا پاکستانی برآمدات کے حوالہ سے بدستور سرفہرست رہا ہے، چین اوربرطانیہ فہرست میں دوسرے اورتیسرے نمبر پر ہیں۔ پاکستان بیوروبرائے شماریات اورسٹیٹ بنک کے اعدادوشمارکے مطابق مالی سال 2018-19ءمیں امریکا کو پاکستانی برآمدات کا حجم 4.032 ارب ڈالررہا جو مالی سال 2017-18ءکے مقابلے میں 4.21 فیصد زیادہ ہے۔ مالی سال 2017-18ءکے دوران امریکا کو پاکستانی برآمدات کا حجم 3.86 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیاتھا۔اعدادوشمارکے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران چین کوپاکستانی برآمدات میں پیوستہ مالی سال کے مقابلے میں 5.58 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مالی سال 2018-19ءکے دوران چین کوپاکستانی برآمدات کا حجم 1.85 ارب ڈالر رہا، مالی سال 2017-18ءمیں چین کو پاکستانی برآمدات کا حجم 1.75 ارب ڈالرریکارڈ کیا گیاتھا۔تاہم امریکا اورچین کی نسبت گزشتہ مالی سال میں برطانیہ کو پاکستانی برآمدات میں مالی سال 2017-18ءکے مقابلے میں ایک فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔