اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیربرائے تجارت وسرمایہ کاری عبدالرزاق دائود نے کہاہے کہ مالی سال 2021 میں امریکا کو پاکستانی برآمدات میں پیوستہ مالی سال کے مقابلہ میں39 فیصد کی شرح سے بڑھوتری ہوئی۔پیرکوسماجی رابطہ کی ویب سائیٹ ٹوئیٹرپرجاری ٹوئیٹ میں انہوں نے کہاکہ گزشتہ مالی سال میں امریکا کو5.2 ارب ڈالرزکی برآمدات ہوئیں جو مالی سال 2020 کے مقابلہ میں 1.45 ارب ڈالرزیادہ ہے، مالی سال 2020 میں امریکا کوبرآمدات میں 3.7 ارب ڈالرکی برآمدات ہوئی تھیں۔
انہوں نے کہاکہ ملکی تاریخ میں پہلی بارامریکا کو برآمدات کاحجم 5 ارب ڈالرزسے تجاوزکرگیاہے، انہوں نے اس ضمن میں برآمد کنندگان اورامریکامیں ٹریڈ وانویسٹمنٹ آفسران کی کاوشوں کوسراہا۔مشیرتجارت نے برآمدات میں اضافہ کیلئے نیویارک اور ہیوسٹن کے پاکستانی مشنزمیں تعینات ٹریڈ وانویسٹمنٹ آفسران کو برآمدکنندگان کوتمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔