
اسلام آباد۔15نومبر (اے پی پی):وفاقی وزارت خزانہ نے حکومت پنجاب کی جانب سے مالی سال 25۔2024 کی پہلی سہ ماہی میں 40 ارب روپے صوبائی سرپلس بجٹ کے حصول کے بیان کی تصدیق کی ہے۔جمعہ کووزارت خزانہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہاگیاہے کہ حکومت پنجاب نے مالی سال 25۔2024 کے لئے اپنے بجٹ میں صوبائی سرپلس کی مد میں 630 ارب روپے رکھے ہیں جس پر آئی ایم ایف کا اتفاق وزارت خزانہ نے پہلی سہ ماہی میں مالیاتی آپریشن کے تازہ ترین اعداد و شمار آئی ایم ایف کے ساتھ 14 نومبر کو شیئر کئے ہیں۔
آئی ایم ایف کی تائید کے بعد وزارت خزانہ نے اپنی ویب سائٹ پر نظر ثانی شدہ اعداد و شمار آویزاں کر دیئے ہیں جن کے مطابق پنجاب کا صوبائی سرپلس 40 ارب روپے ہے۔بیان میں کہاگیاہے کہ حکومت پنجاب نے حالیہ سالوں میں صوبائی سرپلس کے حصول میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
آئی ایم ایف کے ساتھ طے پانے والے نظر ثانی شدہ صوبائی سرپلس کے حساب سے حکومت پاکستان نے مالی سال 25۔2024 کی پہلی سہہ ماہی میں آئی ایم ایف کے ساتھ طے پائے 342 ارب صوبائی سرپلس کے ہدف کے مقابلے میں 360 ارب روپے کا صوبائی سرپلس حاصل کر لیا ہے۔