مالی میں 8 ماہ کے دوران دھماکوں سے 72 افراد ہلاک،167زخمی ہوئے،اقوام متحدہ

79

بماکو۔14ستمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ مغربی افریقی ملک مالی میں رواں سال دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے اب تک 72افراد ہلاک اور 167 زخمی ہوئے ہیں ۔ چینی خبر رساں ادارے نے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے رابطہ انسانی امور(یو این او سی ایچ اے ) کے حوالے سے بتایا کہ مالی میں رواں سال جنوری تا اگست (8 ماہ )دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے مجموعی طور پر 72 افراد ہلاک اور 167زخمی ہوئے ہیں۔

عالمی ادارے کی مائن ایکشن سروس کا کہنا ہے کہ مالی میں دھماکہ خیز مواد سے 2021 کے دوران 400دھماکوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 103افرادہلاک اور297زخمی ہوئے جبکہ رواں سال 31 اگست تک 239 دھماکوں کے نتیجے میں 72 ہلاک اور 167 زخمی ہوئے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں سال کے آغاز سے ریکارڈ کیے گئے بارودی سرنگوں کے دھماکوں کی مجموعی تعداد134 ہے جبکہ 2021 میں یہ تعداد 245 رہی۔

ادارے کا کہنا ہے کہ دھماکہ خیز مواد ملک کے وسطی حصے میں موجود ہے اور موپٹی ایسا علاقہ ہے جہاں سب سے زیادہ افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ۔ ہیومینیٹیرین مائن ایکشن ٹاسک فورس کے شراکت داروں نے مالی میں8 لاکھ 23 ہزار سے زیادہ افراد کی مدد کے لیے 3.4 ملین امریکی ڈالر کا منصوبہ بنایا ہے۔ واضح رہے کہ مالی کو 2012 سے سکیورٹی، سیاسی اور اقتصادی بحرانوں کا سامنا ہے۔