مانسہرہ،دریائے سرن میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند، شہریوں اور سیاحوں کے لیے الرٹ جاری

مانسہرہ میں مون سون کی حالیہ بارشوں کے باعث دریائے سرن میں پانی کی سطح معمول سے زیادہ بلند ہونے پر ریسکیو 1122 نے عوام اور سیاحوں کے لیے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے غیر ضروری طور پر دریا کے قریب جانے سے گریز کی اپیل کی ہے

مانسہرہ۔ 07 جولائی (اے پی پی):مانسہرہ میں مون سون کی حالیہ بارشوں کے باعث دریائے سرن میں پانی کی سطح معمول سے زیادہ بلند ہونے پر ریسکیو 1122 نے عوام اور سیاحوں کے لیے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے غیر ضروری طور پر دریا کے قریب جانے سے گریز کی اپیل کی ہے،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ابرار علی نے خبردار کیا ہے کہ شہری اور سیاح دریا میں نہانے،سیلفیاں بنانے،کناروں پر بیٹھنے یا پانی کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے اجتناب کریں،انہوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122 کی تمام ٹیمیں مون سون ایمرجنسی پلان کے تحت ہائی الرٹ ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں،ریسکیو حکام نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ بچوں کو ندی نالوں اور دریاؤں کے قریب جانے سے روکیں اور حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں تاکہ قیمتی جانوں کے ضیاع سے بچا جا سکے۔