مانسہرہ۔ 09 جولائی (اے پی پی):مانسہرہ۔ 09 جولائی (اے پی پی):ڈی پی او مانسہرہ نے بائیکیا رائیڈر پر مبینہ تشدد کرنے والے دو اہلکاروں کو معطل کر کے انکوائری کا حکم دیدیا۔ترجمان پولیس کے مطابق مانسہرہ میں ایک بائیکیا رائیڈر طالب علم پر کیو آر ایف ٹیم کے اہلکاروں کی جانب سے مبینہ تشدد،غیر قانونی حراست اور ہراسانی کا واقعہ سامنے آنے کے بعد ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) شفیع اللہ گنڈا پور نے فوری نوٹس لیتے ہوئے سخت اقدامات کا آغاز کر دیا ہے،
سوشل میڈیا پر گردش کرتی ایک ویڈیو اور شکایت کے مطابق متاثرہ طالب علم کے ساتھ پولیس اہلکاروں نے مبینہ طور پر بدسلوکی کی جس پر ڈی پی او نے ایس پی سٹی ریشم جہانگیر کی سربراہی میں فوری طور پر تمام کیو آر ایف ٹیم کو طلب کر کے واقعے کی تفصیلات معلوم کیں،ڈی پی او کے حکم پر واقعے میں ملوث دونوں اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے
جبکہ ایس پی سٹی کی زیر نگرانی اعلیٰ سطحی انکوائری بھی شروع کر دی گئی ہے،انکوائری میں سی سی ٹی وی فوٹیج،تمام شواہد اور متاثرہ شہری کا تفصیلی موقف شامل کیا جائے گا،ڈی پی او شفیع اللہ گنڈا پور نے کہا ہے کہ مانسہرہ پولیس عوام کے اعتماد اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے،کسی شہری کے ساتھ غیر قانونی رویہ یا تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا،زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔