مانسہرہ۔ 12 اگست (اے پی پی):مانسہرہ میں ایل آر بی ٹی سکینڈری آئی ہسپتال ریڑھ گلہ کی جانب سے ایک روزہ فری آئی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ یہ فری آئی کیمپ گاندھیاں میں احمد نواز خان کے حجرے میں لگایا گیا۔ آئی فیزیشن ڈاکٹر عرفان نے’’ اے پی پی ‘‘کو بتایا کہ فری آئی کیمپ کے دوران 175 مریضوں کو چیک کیا جنہیں مفت ادویات فراہم کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ چیک اپ کے بعد ان میں 30 مریضوں کا سفید موتیا کا آپریشن تجویز کیا گیا، جن میں سے 8 مریضوں کو ایل آر بی سکینڈری آئی ہسپتال ریڑھ لے جایا گیا۔
جہاں پر ڈاکٹر سرجن اعجاز نے مریضوں کا لیزر آپریشن کیا اور ان کی آنکھوں میں فولڈ ایبل لینز ڈالا۔ 22 مریضوں کو آپریشن کے لئے تاریخ دی گئی۔ مریضوں کے آپریشن، لینز، ادویات اور ٹرانسپورٹ پر آنے اخراجات والے ایل آر بی ٹی نے ادا کئے۔ فری آئی کیمپ میں آنے والے مریضوں نے اس کو احسن اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان مشکل حالات میں ان کے وقت اور پیسے کی بچت ہوئی ہے۔ ایسے فری آئی کیمپ کا انعقاد مختلف علاقوں میں ہونا چاہیے تا کہ غریب اور نادار لوگ اس سے مستفید ہو سکیں۔