مانسہرہ، تھانہ خاکی کی حدود میں نوجوان کو قتل کرنے والا مرکزی ملزم گرفتار، آلہ قتل برآمد

3

مانسہرہ۔ 27 جون (اے پی پی):مانسہرہ کے تھانہ خاکی کی حدود ملکپور خواجگان میں قتل اور اقدام قتل کے واقعے میں پولیس نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم اجمل ولد ممتاز کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا۔ مانسہرہ پولیس کے مطابق 2 جون 2025 کو ذاتی رنجش کی بناء پر ملزم اجمل نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ کرتے ہوئے 17 سالہ حسن عزیز کو قتل جبکہ اس کے چچا وسیم خان کو شدید زخمی کر دیا تھا اور واردات کے بعد موقع سے فرار ہو گیا تھا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی پولیس سربراہ شفیع اللہ گنڈا پور کی ہدایت پر ایس پی سٹی ریشم جہانگیر کی زیر نگرانی فوری طور پر تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی۔ ڈی ایس پی پکھل شاہجہان خان اور ایس ایچ او تھانہ خاکی عبد الستار خان نے جدید تفتیشی تکنیکوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پہلے سہولت کاروں کو گرفتار کیا، جس کے بعد مسلسل محنت، پیشہ ورانہ مہارت اور بہترین حکمت عملی کے ذریعے آج مرکزی ملزم اجمل ولد ممتاز کو کامیاب کارروائی کے دوران گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے گرفتار ملزم سے واردات میں استعمال ہونے والا آلہ قتل بھی برآمد کر لیا ہے۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور دیگر قانونی تقاضے تیزی سے مکمل کئے جا رہے ہیں۔