ایبٹ آباد۔ 25 اگست (اے پی پی):مانسہرہ کے تھانہ صدر کی حدود میں زمین کے تنازعے پر قتل کے واقعہ میں پانچ نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ مانسہرہ کے تھانہ صدر کی حدود چھانجہ میں زمین کے تنازعے پر پیش آنے والے قتل اور اقدام قتل کے سنگین واقعے میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پانچ نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ ایک ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔پولیس کے مطابق افسوسناک واقعہ 18 اگست کو لنک روڈ چھانجہ پر پیش آیا جہاں زمین کے تنازعے پر دو فریقین کے درمیان جھگڑا ہوا،جھگڑے کے دوران دو بھائی عتیق الرحمن اور شعیب زخمی ہوئے جن میں شعیب زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔
واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے تھے جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کا آغاز کیا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شفیع اللہ گنڈا پور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی ریشم جہانگیر اور ایس ایچ او تھانہ صدر عامر حسین کو فوری طور پر خصوصی ٹاسک سونپا،پولیس ٹیموں نے جدید تفتیشی طریقہ کار اور خفیہ ذرائع سے معلومات کے ذریعے ملزمان کا سراغ لگایا۔گرفتار ملزمان میں مشتاق،وسیم،سلیم،عنیز اور حارث شامل ہیں جنکا تعلق چھانجہ سے ہے جبکہ ملزم حزیفہ کی گرفتاری کے لیے پولیس کی ٹیمیں سرگرمِ عمل ہیں اور چھاپے جاری ہیں۔