مانسہرہ۔ 19 مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر مذیبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ ضلع مانسہرہ میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا قیام ضلع کی تعمیر و ترقی میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے. انوسٹرز کے لئے بہترین کاروباری ترقی کے مواقع موجود ہیں۔مانسہرہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری مائنز، ہوٹلنگ، ٹوررزم، وائلڈ لائف، فارسٹ سمیت ہر شعبہ زندگی میں تاجر برادری کو آگے بڑھنے کے لئے حوصلہ افزائی اور رہنمائی فراہم کرنے میں اپنا بہترین کردار ادا کرے گی۔
وہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری مانسہرہ کے قیام کی افتتاحی دعائیہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔تقریب سے سابق ایم پی اے سردار ظہور احمد، ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) سید جنید علی قاسم، سابق ضلع ناظم سردار سید غلام، بیرسٹر سنگین سلطان خان، کو آرڈینیٹر ہزارہ ڈویژن پاکستان فاؤنڈیشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری حاجی عابد ریاض، ضلعی صدر سید ممتاز علی شاہ، سینئر نائب صدر حاجی محمد حنیف اعوان، جنرل سیکرٹری سید علی احمد شاہ، سابق صدر ہزارہ ڈویژن حاجی افتخار، صدر ہری پور صفدر زمان، سید شفقت شاہ، ملک مظفر صدر فلور ملز، ملک نوید احمد، مختار جاوید نے بھی خطاب کیا۔
سردار محمد یوسف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مانسہرہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا قیام انتہائی خوش آئند اقدام ہے، جس کی ضرورت عرصہ دراز سے محسوس کی جا رہی تھی۔ یہ پلیٹ فارم تاجر برادری کو یکجا کر کے ترقی و کاروبار کی دوڑ میں آگے بڑھنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے، کسی بھی ضلع میں ترقی کا انجن اس کی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ہوتی ہے۔
ضلع مانسہرہ میں معدنیات، وائلڈ لائف، فارسٹ، زراعت،ٹوررازم، ہوٹلنگ سمیت ہر شعبہ کاروبار زندگی کے مواقع موجود ہیں جنہیں ضائع کئے بغیر احسن طریقے اور کار آمد پلیٹ فارم سے استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ مقررین نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری تاجر برادری کو بہترین کاروباری سہولیات و ترقی کے مواقع فراہمی میں اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598739