ایبٹ آباد۔ 17 جولائی (اے پی پی):مانسہرہ میں یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس اختتام پزیر ہو گیا۔ مانسہرہ میں محرم الحرام کا مرکزی جلوس علم و ذوالجناح امام بارگاہ مفتی آباد سے برآمد ہوکر اپنے راستوں سے ہوتا ہوا کالج روڈ پر اختتام پزیر ہو گیا۔
جلوس میں شامل عزادار تمام راستے نوحہ خوانی اور سینہ کوبی کرتے رہے،1600 سے زائد پولیس کے جوانوں اور افسران نے جلوس کی سکیورٹی کے فرائض سر انجام دئیے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عدنان خان اور ڈی پی او شفیع اللہ گنڈا پور نے دورہ کر کے جلوس کے روٹ اور سکیورٹی امور کا جائزہ لیا،
فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے جلوس کے ہمراہ چاروں اطرف سکیورٹی اہلکاروں کا حصار موجود رہا جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے بھی جلوس کی نگرانی کی گئی۔ علاوہ ازیں جلوس کے راستوں کو سیل کر کے قریبی عمارتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات کئے گئے جبکہ ریپڈ رسپانس فورس شہر میں مسلسل گشت پر رہی۔