مانسہرہ پولیس نے قتل میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا

109

مانسہرہ ۔ 15 اگست (اے پی پی):مانسہرہ کے تھانہ خاکی کی پولیس نے تمبر کھولہ کے رہائشی 35 سالہ قیصر رشید نامی شہری کے قتل کا معمہ حل کر کے قتل میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ مانسہرہ پولیس کے مطابق 4 اگست کو تمبر کھولہ کے رہائشی عبدالرشید نامی شخص نے تھانہ خاکی پولیس کو اپنے بیٹے کی گمشدگی کی رپورٹ کرائی کہ میرے بیٹے کے دوست رفیق ولد حکم خان نے میرے بیٹے کو کال کر کے بلایا، میرا بیٹا اس کے ساتھ گیا لیکن پھر گھر واپس نہیں آیا اور اس کا موبائل فون بھی بند رہا ۔رپورٹ پر پولیس نے تفتیش شروع کی اور رفیق کو شامل تفتیش کیا گیا جس کے دوران رفیق نے پولیس کو بتایا کہ ایوب نامی شخص نے اسے قیصر کو قتل کرنے کے لئے پستول اور 95 ہزار روپے دیئے ہوئے تھے۔

ایوب نے مجھے بتایا کہ قیصر نے گزشتہ قومی و صوبائی اسمبلی کے الیکشن کے دوران عادل شاہ، راجہ، اورنگزیب سکنان تمبر کھولہ کے ساتھ لڑائی جھگڑا کر کے ان کو مارا پیٹا تھا، جس پر ایوب نے مجھے قیصر کو مارنے کا ٹارگٹ دیا تھا۔میں قیصر کا قریبی دوست ہونے کی وجہ سے اسے دھوکہ دے کر موٹرسائیکل پر بیٹھا کر چیڑھ نکہ نالہ لے گیا اور قیصر کو ایوب کے دیئے ہوئے پستول سے قتل کر کے موقع سے واپس آ گیا تھا۔ ملزم رفیق کی نشاندہی پر پولیس نے رشتہ داروں کی موجودگی میں جائے وقوعہ پر پہنچ کر مقتول کی لاش کی پہچان کرنے کے بعد تحویل میں لیا۔پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے قتل میں ملوث تمام ملزمان ایوب، اورنگزیب، راجہ، عادل شاہ اور رفیق کو گرفتار کر کے ملزمان سے تفتیش شروع کر دی۔