مانسہرہ پولیس نے 10 لاکھ روپے مالیت کا چوری کیا گیا سامان برآمد کر لیا، دو ملزمان گرفتار

95
arrested
arrested

مانسہرہ۔ 18 جولائی (اے پی پی):مانسہرہ پولیس اور کیو آر ایف ٹیم نے مشترکہ کارروائی میں 10 لاکھ روپے مالیت کا چوری کیا گیا سامان برآمد کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں دانش اور ذیشان شامل ہیں۔ علی المونیم اینڈ گلاس شو روم واقع شاہراہ ریشم سے نامعلوم ملزمان شیلٹر کے تالے توڑ کر لاکھوں روپوں کا قیمتی سامان چوری کر کے لے گئے تھے۔

محلہ فیصل کالونی کے رہائشی عاطف علی نامی شخص نے پولیس کو رپورٹ کرائی کہ شاہراہ ریشم پر اس کا علی المونیم اینڈ گلاس کے نام سے شو روم ہے جو 14 اور 15 جولائی کی درمیانی شب کو رات تقریباً اڑھائی بجے دو نامعلوم افراد میرے شو روم کے شیلٹر کے تالے توڑ کر اندر داخل ہوئے اور داخل ہوتے ہی سی سی ٹی وی کیمروں کی تاریں کاٹ دی اور دونوں نامعلوم اشخاص نے مل کر شوروم میں سے لاکھوں روپوں کا قیمتی سامان چوری کر کے اپنے ساتھ لے گئے۔

پولیس نے مدعی کی درخواست پر تھانہ سٹی میں مقدمہ میں درج کیا اور تفتیش شروع کر کے ملزمان کی تلاش شروع کی،صرف دو دنوں کے اندر دونوں ملزمان کو نہ صرف ٹریس کر کے گرفتار کر لیا گیا بلکہ شو روم کے تالے توڑ کر چوری کیا گیا تقریباً 10 لاکھ مالیت کا تمام سامان ریکور کر کے مالکان کے حوالہ کر دیا گیا۔