مانسہرہ۔ 02 مئی (اے پی پی):مانسہرہ پولیس نے مختلف کارروائیوں میں 2 منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے ساڑھے 4 کلو سے زائد چرس، آئس و ہیروئن برآمد کر لی۔ مانسہرہ پولیس کے مطابق ڈی پی او شفیع اللہ گنڈا پور کے احکامات پر ضلع بھر سے منشیات کے خاتمے کے لئے کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
اسی سلسلے میں ایس ایچ او تھانہ پارس تصویر حسین شاہ نے پولیس ٹیم کے ہمراہ ایک کارروائی کے دوران بدنام زمانہ منشیات فروش بلال عرف راجہ سکنہ ہاڑی نکہ پارس کو 3 کلو 470 گرام چرس سمیت گرفتار کر لیا۔علاقہ مکینوں کی جانب سے اس اہم کارروائی پر تھانہ پارس پولیس کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا۔
ایک اور کارروائی کے دوران ایس ایچ او تھانہ لاری اڈہ فیصل خلیل نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے لبرکوٹ کے بدنام زمانہ منشیات فروش دریافت ولد مسعود کو 520 گرام آئس اور 630 گرام ہیروئن سمیت گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔