مانسہرہ۔ 27 اپریل (اے پی پی):مانسہرہ پولیس نے قتل اور اقدام قتل جیسے سنگین مقدمات میں مطلوب روپوش 2 اشتہاری مجرمان کو گرفتار کر لیا۔ مانسہرہ پولیس کے مطابق ڈی پی او شفیع اللہ گنڈا پور کے احکامات پر مجرمان اشتہاریوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے۔
تھانہ لساں نواب پولیس کو مقدمہ علت نمبر 121/16 مورخہ 24/03/2016 جرم 302/34 میں مجرمان شبیر ولد عبدالمنان اور عبدالمنان ولد محمد عرفان سکنان پنگوڑی لساں نواب مطلوب تھے جو کہ طویل عرصے سے قانون کی نظروں سے روپوش تھے۔ ان کے خلاف انتہائی حکمت عملی تحت ڈی ایس پی سرکل پھلڑہ مدثر ضیاء اور ایس ایچ او تھانہ لساں نواب اختر نواز کی قیادت میں پولیس ٹیم نے مخبر خاص کی اطلاع پر کامیاب کارروائی کی جس کے نتیجے میں دونوں مجرمان اشتہاریوں کو گرفتار کر لیا۔
ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے پولیس ٹیم کی اس شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون سے بچنے کا کوئی راستہ باقی نہیں چھوڑا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=588386