مانسہرہ۔ 20 فروری (اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے کہا ہے کہ مانسہرہ کو ڈرگ فری اور کرائم فری ضلع بنانے کے لئے انتہائی فرض شناس اور قابل پولیس افسران کو سفید پارچات میں تعینات کر دیا گیا ہے۔ یہ بات انہوں نے اپنی زیر صدارت اجلاس میں کہی، جس میں ایس پی سٹی ریشم جہانگیر، انچارج ڈسٹرکٹ سکیورٹی برانچ اور ٹیم نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ضلع بھر میں جرائم بالخصوص قبضہ مافیہ، قمار بازوں، منشیات فروشوں، ٹاؤٹ مافیہ، پیشہ ور بھکاریوں اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کی گرفتاریوں و جرائم کے تدارک کے حوالے سے مستقبل کا لائحہ عمل طے کیا گیا۔
ڈی پی مانسہرہ نے کہا کہ سفید پارچات میں تعینات کئے جانے والے افسران نہ صرف قانون کی عملداری کو یقینی بنائیں گے بلکہ عوام کے ساتھ قریبی روابط استوار کرتے ہوئے علاقے میں امن و امان کی بحالی میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ اجلاس کے دوران ڈی پی او مانسہرہ نے ہدایات جاری کیں کہ پولیس فورس شہریوں کے ساتھ قریبی تعاون رکھے، سماج دشمن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں کی جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی مدد سے ہی معاشرے کو جرائم سے پاک کیا جا سکتا ہے اور پولیس فورس ہر ممکن حد تک اس مقصد کے لئے سرگرم عمل رہے گی۔ ڈی پی او مانسہرہ نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ ڈی پی او نے کہا کہ پولیس فورس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے ہمہ وقت تیار ہے اور ہر قسم کے جرائم کے خاتمے کے لئے اپنی خدمات جاری رکھے گی۔