اسلام آباد ۔ 19 اکتوبر (اے پی پی) ماڑی پٹرولیم کمپنی کے ریونیو میں رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 53.6 فیصد کا اضافہ ہوا۔ کمپنی کے ذرائع کے مطابق گزشتہ مالی سال کمپنی کی پیداواری صورتحال کے لحاظ سے بہت بہتر رہا اور بالخصوص گیس کے شعبہ میں کمپنی کے ریونیو میں نمایاں اضافہ ہوا جبکہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران کمپنی کے اخراجات میں بھی گزشتہ مالی سال کے اس عرصہ کے مقابلے میں 43 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔ کمپنی نے رواں مالی سال کے لئے تیل و گیس کی تلاش کے لئے اپنے بجٹ میں بھی اضافہ کر دیا ہے جو گزشتہ مالی سال کے دوران 249 ملین ڈالر تھا اور رواں مالی سال کے دوران اب یہ بڑھ کر 371 ملین ڈالر کر دیا گیا ہے۔