ماڑی پٹرولیم کے منافع میں رواں سال کی پہلی ششماہی میں62.3 فیصد اور دوسری سہ ماہی میں 84.7 فیصد اضافہ

87

اسلام آباد ۔ یکم مارچ(اے پی پی)رواں مالی سال 2018-19ءکی پہلی ششماہی کے دوران ماڑی پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ کے بعد از ٹیکس منافع میں 62.3 فیصد جبکہ جاری مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران کمپنی کے خالص نفع میں 84.7 فیصد کا ہوا ہے۔ کمپنی کے مالیاتی اعداد وشمارکے مطابق رواں مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2018 ءکے دوران ماڑی پٹرولیم کا بعد از ٹیکس منافع 11058 ملین روپے تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2017ءکے دوران کمپنی کو 6815 ملین روپے کا خالص منافع حاصل ہوا تھا۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے پہلے 6 مہینوں کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران کمپنی کے بعد از ٹیکس منافع میں 4243 ملین روپے یعنی 62.3 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران کمپنی کے خالص منافع میں 84.7 فیصد کے نمایاں اضافہ سے منافع کا حجم 5916 ملین روپے تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران ماڑی پٹرولیم کو 3202 ملین روپے کا بعد از ٹیکس نفع حاصل ہوا تھا۔