بھکر۔ 02 دسمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا ہے کہ ماہانہ ریونیو عوامی خدمت کھلی کچہری کی بدولت ضلع کے عوام کو ریونیو سے متعلق امور کے حل میں خاطر خواہ ریلیف میسر آئے گا۔یہ بات انہوں نے ڈی سی آفس کے سبزہ زار میں منعقدہ ریونیو عوامی خدمت کھلی کچہری کے انعقاد کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ کچہری ہر ماہ کے پہلے دفتری دو دنوں میں صبح 9 بجے تا سہ پہر 3 بجے تک جاری رہے گی
جس کے دوران عوام الناس کے ریونیو سے متعلقہ امور کو موقع پر حل کرنے کیلئے ریونیو افسران کو احکامات جاری کئے جاتے ہیں جس میں عوامی ریونیو مسائل ، انتقالات کا اجراء،رجسٹری معائنہ ریکارڈ،انکم سر ٹیفکیٹ،ڈومیسائل کے اجراء سمیت دیگر متعلقہ ریونیو عوامی امور کا موقع پر ازالہ یقینی بنایا جائے گا۔ریونیو عوامی خدمت کچہری کے دوران ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے عوام الناس کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے موقع پر موجود ریونیو افسران کو احکامات جاری کئے ۔