اسلام آباد۔11جنوری (اے پی پی):متعدی امراض کی ماہر ڈاکٹر مہرین فاطمہ نے کہا ہے کہ ہیومن میٹاپنیووائرس (ایچ ایم پی وی)سانس کا وائرس ہے جو سردی اور انفلوئنزا جیسی عام علامات کا باعث بنتا ہے۔ ہفتہ کو اپنے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ یہ بیماری عام طور پر ایک معمولی بیماری ہے جو خاص طور پر شیر خوار بچوں، بوڑھوں اور کمزور مدافعتی نظام والے افراد میں نمونیا جیسی شدید پیچیدگیوں کا باعث بن سکتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ وائرس کھانسی یا چھینکنے اور وائرس سے متاثرہ اشیا کو چھونے یا متاثرہ افراد کے ساتھ براہ راست رابطے سے پھیلتا ہے۔ڈاکٹر مہرین فاطمہ نےمناسب حفظان صحت، ماسک پہننے اور بھیڑ والے مقامات سے گریز کرنےکی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ بچے، بوڑھے اور کمزور مدافعتی نظام والے افراد کو شدید انفیکشن کا سب سے زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ باخبر رہیں اور وائرس کے پھیلاؤ کو کم کرنے کے لیے احتیاطی اقدامات کریں۔