ماہرین صحت کی بدلتے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

215

اسلام آباد ۔ 4 اکتوبر (اے پی پی) ماہرین صحت نے موسم میں تبدیلی کے ساتھ شہریوںکو احتیاطی تدابیر اختیارکرنے کی ہدایات جاری کر دیں، موسم میں تدیلی نزلہ، زکام، کھانسی اور شدید بخار کا باعث بن سکتی ہے۔ معروف ای این ٹی ڈاکٹر محمد اسلم کے مطابق موسم کے آغاز میں زکام، کھانسی اور بخار کا ہونا، شدید سردی کے موسم میں سانس اور دمہ کے امراض کا سبب بن سکتا ہے۔ اس لئے شہریوں بالخصوص بچوں اور بڑوں کو کھانے پینے میں اور دیگر معمولات زندگی میں خصوصی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ پمز ہسپتال کے ترجمان ڈاکٹر وسیم خواجہ نے کہاکہ جاری ڈینگی سیزن کے ساتھ موسم نے بھی اچانک کروٹ لی ہے اور ایک دو روز سے رات کے اوقات میں خنکی ہوئی ہے۔ اس لئے مچھروں کے ساتھ ساتھ موسم کی تبدیلی سے بھی بچنے کے لئے خصوصی احتیاط برتیں اور رات کو سوتے وقت چادر وغیرہ اوڑھ کر سوئیں جس سے مچھروں سے بھی بچا جا سکتا ہے۔ پولی کلینک کی ماہرامراض سینہ ڈاکٹر لبنیٰ نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت کی بد احتیاطی سینے کے انفیکشن کا باعث بن سکتی ہے۔ جو دمہ اور پھیپھڑوں کے امراض اور ناک، کان اور گلے میں خرابی کا بھی باعث بنتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تھوڑی سی بد احتیاطی مستقسل روگ بن سکتی ہے۔ اس لئے خاص طور پر بچوں اور معمر افراد کو موسمی تبدیلی کے اثرات سے بچانے کی ضرورت ہے۔