ماہی گیری میں پائیداری کو یقینی بنایا جائے گا ، لانگ لائننگ طریقۂ کار متعارف کرایا جا رہا ہے، وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری

64
Junaid Anwar Chaudhry
Junaid Anwar Chaudhry

اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے ماہی گیری شعبے میں جامع اصلاحات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماہی گیری میں پائیداری کو یقینی بنایا جائے گا ،نقصان دہ فشنگ طریقوں کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ لانگ لائننگ طریقۂ کار متعارف کرایا جا رہا ہے ۔

وزارت بحری امور کی جانب سے ہفتہ کو جاری بیان میں وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری نے کہا کہ لانگ لائننگ سے مچھلی کی قیمت میں کئی گنا اضافہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ کورنگی فِش ہاربر کی بحالی اور نئی سہولیات کا آغاز ہو چکا ہے، ایکسپورٹ فیس اصلاحات سے آمدنی 250 ملین روپے تک پہنچ گئی ۔

جنید انوار چوہدری نے مزید کہا کہ اصلاحات سے ٹونا برآمدات اور زرمبادلہ میں نمایاں اضافہ متوقع ہے اور پاکستان عالمی ٹونا گورننس میں قائدانہ کردار ادا کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹونا انڈسٹری سے پاکستان کو 200 ملین ڈالر آمدنی کی توقع ہے،

پاکستان کو ٹونا کوٹہ الاٹمنٹ میں تاریخی کامیابی حاصل ہوئی ہے اور پاکستان کو 25,000 میٹرک ٹن ٹونا فِشنگ کوٹہ الاٹ کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عالمی منڈی میں پاکستانی ٹونا کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے جو خوش آئند ہے۔