اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ ماہ جنوری میں گزشتہ مالی سال جنوری کے مقابلے میں برآمدات میں 18.7 فیصد کا اضافہ ہوا،
رواں مالی سال جنوری میں 2 ارب 54 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی برآمدات ہوئیں۔ جمعہ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ماہ جنوری میں گزشتہ مالی سال جنوری کے مقابلے میں برآمدات میں 18.7 فیصد کا اضافہ ہوا۔
رواں مالی سال جنوری میں 2 ارب 54 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی برآمدات ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال جنوری میں 2 ارب 14 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی برآمدات تھیں۔ رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ میں برآمدات میں 24 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
مشیر تجارت نے کہا کہ رواں مالی سال اب تک 17 ارب 67 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی برآمدات ہوئیں۔ گزشتہ مالی سال کےاسی عرصے میں برآمدات 14 ارب 25 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تھیں۔ ماہانہ بنیادوں پر درآمدات میں کمی کا رجحان بھی نظر آرہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دسمبر 2021 کے مقابلے میں جنوری 2022 میں درآمدات میں 22 فیصد کی کمی ہوئی۔ دسمبر میں درآمدات 7 ارب 58 کروڑ ڈالر کی تھیں۔ جنوری 2022 میں5 ارب 90 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی درآمدات ہوئیں۔ جنوری 2021 میں 4 ارب 80 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی درآمدات تھیں۔