لاہور۔2مارچ (اے پی پی):چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹرمحمدراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے،ماہ صیام صبر، ایثار، تقوی اور غریبوں کی مدد کا مہینہ ہے، جو ہمیں مساوات، ہمدردی اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں جاری اپنے ایک بیان میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس بابرکت مہینے میں ہمیں اپنے اردگرد موجود محتاج، مساکین اور غرباکا خصوصی خیال رکھنا چاہیے ۔رمضان المبارک عظیم اور بابرکت مہینے میں ناجائز منافع خوری ایک ناپسندیدہ ترین عمل ہے بطور مسلمان ہمارا فرض ہے کہ ہم روزے داروں کو سحر اور افطار کے وقت استعمال کی اشیاخود ونوش سستے داموں میں فروخت کریں۔
انہوں نے کہا کہ یہ مقدس مہینہ ہمیں دعا، صبر اور یکجہتی کا پیغام دیتا ہے۔ اللہ تعالی ہم سب پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے اور ہمیں اس مہینے کی برکتوں سے مستفید ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ آئیے اس مبارک مہینے میں پوری دنیا میں امن و سکون کے لیے دعا کریں، خاص طور پر ان علاقوں کے لیے جو تنازعات اور مشکلات کا شکار ہیں۔ اللہ تعالی مظلوموں کی مدد فرمائے اور ہمیں باہمی ہم آہنگی اور ہمدردی کا راستہ دکھائے ۔