اسلام آباد۔11مارچ (اے پی پی):اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے ایف-9 میں خواتین کو روک کر مبینہ تشدد اور ہراسمنٹ کیس میں نامزد ملزم محمد جمال خان کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرلی۔ عدالت نے تحریری فیصلہ جاری کردیا ۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عدنان رسول لاڑک نے ملزم کی ضمانت کا فیصلہ جاری کیا۔ملزم کے خلاف تھانہ مارگلہ میں مقدمہ درج تھا، جس میں تشدد، ہراسمنٹ، نقدی اور سونا چھیننے کے الزامات شامل تھے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سماعت کے دوران مدعی مقدمہ حاجرہ خٹک اور گواہان کائنات خٹک اور ملائکہ خٹک عدالت میں پیش ہوئیں۔ انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ معاملہ دراصل غلط فہمی کا نتیجہ تھا، اور انہیں ملزم کے خلاف مقدمہ چلانے میں کوئی دلچسپی نہیں۔مدعی نے اپنا بیان ریکارڈ کروایا اور اسٹام پیپر بھی عدالت میں جمع کرایا، جس میں کہا گیا کہ وہ ضمانت کی مخالفت نہیں کریں گے۔
عدالت نے 10 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ملزم کی ضمانت منظور کر لی۔اس سے قبل ملزم کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست مسترد کی جا چکی تھی، تاہم بعد ازاں راضی نامہ کی بنیاد پر عدالت نے ضمانت منظور کر لی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=571287