مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران متعدد مقدمات میں ملوث ملزم زخمی حالت میں گرفتار

94

ملتان۔ 23 جنوری (اے پی پی):تھانہ سیتل ماڑی کے علاقہ اختر والی پل کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ،موٹر سائیکل چوری اور راہ زنی،ڈکیتی سمیت دیگر متعدد مقدمات میں ملوث ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ترجمان پولیس کے مطابق جمعرات کی علی الصبح تھانہ سیتل ماڑی پولیس نے ڈاکٹر اختر والی پل پر ناکہ بندی کی ہوئی تھی۔اس دوران پولیس نے دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار نامعلوم افراد جو ریلوے پھاٹک کی جانب سے آ رہے تھے کورکنے کا اشارہ کیا،موٹر سائیکل سواروں نے رکنے کی بجائے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔

پولیس نے جانب سے بھی جوابی فائرنگ کی گئی۔دوران فائرنگ ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی گولی لگنے سے زخمی ہو گیا جبکہ تین ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فائرنگ کرتے ہوئے پھٹیاں والی پل کی طرف فرار ہو گئے۔پولیس نے زخمی ہونے والے ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضہ سے ایک غیر قانونی پستول برآمد کر لیا۔گرفتار ملزم کی شناخت فیصل عرف چونڈی ولد لیاقت علی کے نام سے ہوئی ہے۔

زخمی حالت میں گرفتار ملزم کو علاج معالجے کے لیےنشتر ہسپتال منتقل کر کے وقوعہ کا مقدمہ درج کر کے فرار ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔گرفتار زخمی ملزم نے ابتدائی طور پر تفتیش میں انکشاف کیا ہے کہ اس نے اپنے ساتھی ملزمان کے ہمراہ گزشتہ روز ناکہ بندی کے دوران ڈولفن فورس اور لاری اڈا چوکی کے اہلکاروں پر فائرنگ بھی کی تھی،جس کا مقدمہ نمبر 252/25 تھانہ سیتل ماڑی میں درج ہے۔گرفتار زخمی ملزم ڈکیتی، راہ زنی اور موٹر سائیکل چوری سمیت 22 سے زائد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔