اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ متاثرہ ملازمین کی بحالی کے حوالے سے اس ایوان کی قرارداد اور متاثرہ ملازمین بحالی کمیٹی کے احکامات پر عمل نہ کرنے والی وزارتوں کے اعلیٰ حکام سے جواب طلبی کی جائے، بیورو کریسی اس پارلیمان کے احکامات پر عملدرآمد نہیں کرتے، پارلیمان کا احترام کرنا چاہیے۔
جمعرات کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارلیمان کا احترام نہ کئے جانے کا سلسلہ کافی عرصہ سے چل رہا ہے، یہ ہماری کمزوری ہے کہ ہم اس پر عملدرآمد نہیں کرا سکے، اہم قانون سازی اور وقفہ سوالات کے دوران بیورو کریسی کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اس ایوان میں آ کر بیٹھے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے تین دن قبل متاثرہ ملازمین بحالی کمیٹی کے حوالے سے جواب مانگا تھا لیکن تین دن میں کوئی جواب نہیں آیا، میں نے یہ تجویز دی کہ ان وزارتوں کے سیکرٹریوں کو بلا کر ان سے پوچھا جائے کہ وہ کیوں پارلیمان کی قرارداد اور احکامات پر عمل نہیں کر رہے،
ای او بی آئی کے متاثرہ ملازمین کی بحالی کے لئے وزارت قانون سے رائے مانگی تھی جس پر انہوں نے ان کی بحالی پر اتفاق کیا تھا، اس پر توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمان کا احترام کرایا جانا چاہیے، یہ سپیکر، ڈپٹی سپیکر اور سیکرٹری اسمبلی کی بھی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے سپیکر سے کہا کہ وہ ان کے خلاف کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ 2010 سے 2012 کے دوران ہم نے دو لاکھ دس ہزار ملازمین کو ریگولر کیا۔