متاثرین دیامر بھاشا ڈیم کے جائز مطالبات حل کرنا مرکزی حکومت کی ترجیج ہے،وفاقی وزیر انجنیئر امیرمقام

144

اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت دیامر بھاشا ڈیم کے متاثرین کے مطالبات سے متعلق اجلاس وزارت اُمورکشمیر میں منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزیربرائے پٹرولیم وآبی وسائل مصدق حسین ملک، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان، چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ سجاد غنی، سیکرٹری امور کشمیر گلگت بلتستان و سیفران ظفر حسن، سیکرٹری آبی وسائل، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

ہفتہ کووزارت اُمور کشمیر وگلگت بلتستان وسیفران کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ متاثرین دیامر بھاشا ڈیم کے جائز مطالبات حل کرنا مرکزی حکومت کی ترجیج ہے،وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق متاثرین کے معاوضہ جات، واٹر اینڈ سنیٹیشن سکیم چلاس،سکولز اور دیگر منصوبوں کے حوالے سے کام تیزی سےجاری ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ احتجاج کرنے والے نمائندوں سے ملاقات کے لیے تیار ہیں، وفاقی وزیر مصدق حسین ملک نے بھی واپڈا کی جانب سے متاثرین کے جائز مطالبہ کو حل کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیراعلیٰ جی بی اور متاثرین کے مطالبے پر جلد چلاس کا دورہ کروں گا اور متاثرین سے ملاقات بھی کروں گا۔وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے وفاقی وزیرانجنیئر امیر مقام کو چلاس آنے کی دعوت دی تاکہ وہ متاثرین سے خود ملاقات کریں۔