متاثرین زلزلہ نے اپنے پیاروں اور گھر بار کھونے کے باوجود حوصلے اور ہمت سے مشکلات کا سامنا کیا ، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کا پیغام

88
Deputy Speaker National Assembly

اسلام آباد۔8اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید میر غلام مصطفیٰ شاہ نے8 اکتوبر 2005 کے تباہ کن زلزلہ متاثرین سے اظہار یک جہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ کئی قیمتی جانوں، گھروں، اور ملک کی معیشت کو نقصان پہنچانے والی اُس ہولناک آفت کی یاد آج بھی تازہ ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق پیر کو 8 اکتوبر2005 کے زلزلہ کی 19 ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہولناک زلزلے نے پاکستان و آزاد کشمیر میں بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا۔

زلزلہ کے بعد ہم وطنوں اور پاک افواج نے جس جذبے سے متاثرین کی امداد کی وہ قابلِ تحسین ہے۔تباہ کن زلزلے میں جان کی بازی ہارنے والے افراد کا دکھ آج بھی نہیں بھلایا جاسکا۔متاثرین زلزلہ نے اپنے پیاروں اور گھر بار کھونے کے باوجود حوصلے اور ہمت سے مشکلات کا سامنا کیا ۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ2005 کے زلزلے میں اپنے پیاروں سے بچھڑ جانے والے افراد کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔پوری قوم نے بے مثال یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دل کھول کر زلزلہ متاثرین کی مدد کی۔فلاحی تنظیموں و دیگر ممالک نے بھی زلزلے متاثرین کی بحالی میں بھرپور کردار ادا کیا۔ اللّٰہ تعالیٰ سے دعا گو ہوں کہ وطن عزیز کو ہر طرح کی آفات سے محفوظ رکھے۔ڈپٹی سپیکر نے 2005 کے زلزلے کے شہداء کے بلند درجات کے لئے دعا بھی کی