متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ

194

اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں متاثرین کی مدد کے لئے کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔ ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ نوٹیفیکشن کے مطابق کمیٹیز کے اراکین عوام اور انتظامیہ کے مابین رابطے کو یقینی بنائیں گے۔کمیٹیوں کے ممبران این ڈی ایم اے اور وفاقی ایجینسیز کے ماتحت جاری ریلیف آپریشن کی مانیٹرنگ کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ ممبران کمیٹیز متاثرین تک خوراک و ادویات و دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم نے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ کو بھی بلوچستان کی کمیٹی کا ممبر نامزد کیا ہے۔آغا حسن بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے متاثرین ایمرجنسی کی صورت میں میرے ذاتی نمبر3844271۔0300 پر فوری رابطہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔