دبئی ۔20مئی (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کےدارالحکومت ابوظبی کے زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حکام نے منشیات سمگل کرنے کی بڑی کوشش ناکام بنائی ہے۔الامارات الیوم کے مطابق وفاقی اتھارٹی برائے شناخت و شہریت، کسٹمز اور بارڈرز سکیورٹی کے جنرل ڈائریکٹوریٹ نے ایک مسافر سے کوکین کے 89 کیپسول برآمد کیے جن کا مجموعی وزن تقریبا 1198 گرام اور انٹرنیشنل مارکیٹ میں قیمت 5 ملین درھم ہے۔
کسٹم انسپکشن حکام کو جنوبی امریکی ملک سے آنے والے ایک مسافر پر شک ہوا، جدید سکیننگ ڈیوائسز کے ذریعے معائنہ کیا گیا تو جسم میں غیرمعمولی اشیا کی موجودگی کے آثار ظاہر ہوئے۔مسافر کو متعلقہ حکام کے حوالے کیا گیا جنہوں نے پیٹ میں چھپائے گئے 89 کیپسول برآمد کئے ۔
اتھارٹی نے کسٹم انسپکشن حکام کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دیئے ۔اتھارٹی نے منشیات کے خطرات سے معاشرے کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔