شارجہ ۔24ستمبر (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں ماحول دوست الیکٹرک بس سروس کا آغاز کر دیا گیا۔وام کےمطابق شارجہ روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے اپنی ماحول دوست الیکٹرک بس سروس کا پہلا مرحلہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے چیئرمین نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 10 الیکٹرک بسیں دبئی، عجمان اور الحمریہ کے درمیان چلائی جارہی ہیں، ان مقامات کا انتخاب انٹرسٹی ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے متعلقہ اداروں کی جانب سے جائزوں اور مسافروں کی تعداد اور ڈیمانڈ کی بنیاد پر کیا گیا۔
یہ اقدام متحدہ عرب امارات کے 2050 تک نیٹ زیرو سٹریٹجک انیشییٹو اور ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے گرین ٹرانسپورٹیشن اور کاربن کے اخراج کو کم کرنے کے عزم کا حصہ ہے۔پہلے مرحلے میں چلائی جانے والی نئی بسیں کنگ لانگ ماڈل کی ہیں، یہ9 میٹر لمبی ہیں اور ان میں 41 مسافروں کی گنجائش ہے۔ایئرکنڈیشنڈ بسوں میں امارات کے موسمی حالات کے مطابق بیٹری کولنگ سسٹم موجود ہے۔
یاد رہے اتھارٹی نے بسوں کا انتخاب مختلف ماڈل کے ٹیسٹ اور امارات کے موسمی حالات کے مطابق کیا ہے۔آئندہ مرحلے میں شارجہ میں چلنے والی ماحول دوست الیکڑک بسوں کی تعداد میں اضافہ متوقع ہے۔