اسلام آباد۔10دسمبر (اے پی پی):متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلات زر میں رواں مالی سال کے ابتدائی پانچ ماہ کے دوران 54.6 فیصد جبکہ سعودی عرب سے ترسیلات زر کی وصولیوں میں 36.5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد وشمار کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا نومبر 2024 کے دوران سعودی عرب سے 3.63 ارب ڈالر کی ترسیلات زر وصول ہوئی ہیں جو کسی ایک ملک کی جانب سے بھیجی جانے والی سب سے زیادہ رقوم ہیں۔ اسی طرح یو اے ای سے ترسیلات زر کی وصولیاں 2.95 ارب ڈالر رہیں جبکہ برطانیہ سے 2.18 ارب ڈالر کی وصولیاں ہوئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران ترسیلات زر کی وصولیوں کے حوالے سے سعودی عرب پہلےجبکہ یو اے ای دوسرے اور برطانیہ تیسرے نمبرپر رہا ہے۔
مزید برآں اسی عرصہ کے دوران یورپی یونین کے ممالک سے 1.77 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئی ہیں۔ واضح رہے کہ سعودی عرب ، یو اے ای اور خلیجی ممالک سے ترسیلات زر کی وصولیاں جولائی تا نومبر 2024 کے دوران موصول ہونے والی مجموعی ترسیلات زر کے 55 فیصد کےمساوی ہیں۔